Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ،مدینہ، باحہ، جازان اور جدہ میں موسلا دھار بارش،نظام زندگی درھم برھم

مکہ مکرمہ۔۔۔ بدھ کی طرح جمعرات کو بھی سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد بارش ہوئی۔ نظام زندگی درھم برھم ہو گیا۔ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ، باحہ، قصیم اور جازان میں بارش کی اطلاعات پہلے ہی سے تھیں۔ جدہ ، اللیث، قنفذہ، تیماء ، طائف میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی سابق اطلاعات کی بناء پر سعودی او رغیر ملکی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ضرورتاً ہی باہر نکلے تھے۔ بڑے بڑے شہروں کی سڑکیں خالی نظر آئیں۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس بار بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام جدہ اور مکہ مکرمہ ریجن میں موثر ثابت ہوا۔ دن کے وقت جدہ میں رات کا گمان ہونے لگا تھا۔ گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے ہیڈ لائٹ آن کر لی تھیں۔ حادثات سے بچنے کیلئے ہیزرٹ بھی آن کر کے چل رہے تھے۔ بعض مقامات پر سگنل بند ہوجانے کے باعث ٹریفک کے مسائل پیدا ہوئے۔ جدہ میں وقفے وقفے دھوپ بھی نکلتی رہی۔ رات کو 9بجے کے بعد گھنے بادل دوبارہ برسے جس کی اطلاع پہلے سے ہونے کے باعث شہری کافی محتاط ہو گئے تھے۔ عزیزیہ ، شرفیہ اور کبابش کے علاقہ جات میں پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کو بارش کی پسندیدہ ڈشیں پکوڑے ،سموسے اور جلیبیاں خریدتے ہوئے دیکھا گیا۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ژالہ باری اور شدید بارشوں کے باعث مکہ مکرمہ ریجن میں سیلاب کے امکانات ہیں۔ طائف میں بارش نے ٹریفک کا نظام معطل کر دیا۔ والدین بچوں اور بچیوں کو اسکولوں سے گھر واپس لانے کیلئے دوڑ پڑے تھے۔ اسکول بند ہونے کی اطلاع نہ کئے جانے پر منتظمین سے نالاں بھی نظر آ رہے تھے۔ بعض حضرات اپنے بچوں کو گود میں لے کر گاڑی کی جانب جاتے ہوئے دیکھے گئے۔ مختلف مقامات پر پانی کھڑا ہوگیا۔شدید بارش سے پیدا ہونے والے مسائل سے راہگیروں کو بچانے کیلئے طائف اور مکہ کو جوڑنے والے جبل کرا  روڈ اور الھداء  روڈ کو بند کردیاگیا۔چٹانیں گرنے اور سیلاب آنے پر ہی کرا روڈ کو بند کیا گیا۔ پہاڑی علاقے سے آنے والے پانی کے ریلے نے سیلاب کی شکل اختیار کر لی تھی جس سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوئے۔ جازان میں رات ہی سے بارش کا سلسلہ چلتا رہا۔ مدینہ منورہ میں صبح سویرے سے ہی درمیانے درجے کی بارش شروع ہو گئی تھی۔ وہاں بدھ کو شدید بارش ہوئی تھی۔ النقیعہ اور الیتمہ قریوں کے سیلاب میں پھنس جانے والے 6افراد کو شہری دفاع کے اہلکاروں نے اسپیشل کارروائی کر کے نکالا۔ قصیم میں کہیں بوندا باندی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش برسی۔ بریدہ اور قصیم کی تمام کمشنریوں میں موسم خوشگوار ہو گیا۔ مدینہ منورہ کی وادیاں اور گھاٹیاں برسات کے نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ روڈ سیکیورٹی فورس نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شاہراہ کے راہگیروں کو موسلا دھار بارش کے پیش نظر محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والی بارش سے وادی عمیر میں پانی بھر گیا۔ جس میں دو سعودی نوجوان ڈوب گئے۔ ان کی لاشیں نکال لی گئیں۔ جدہ اسلامی بندرگاہ تیز ہواؤں اور شدید بارش کے پیش نظر بند کر دی گئی تھی۔ ماحول بہتر ہونے پر جہاز رانی کیلئے کھول دی گئی۔املج کمشنری ، اللیث کمشنری ، القنفذہ اور اضم کمشنریوں میں بھی جمعرات کو موسلادھار بارش ہوئی۔ تبوک کی تیمیہ کمشنری اور اس کی تحصیلوں میں کہیں بوندا باندی او رکہیں درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔ باحہ میں بھی یہی صورتحال رہی۔ جس کے شہر ، مضافات اورکمشنریاں بارش کی زد میں رہیں۔ 
 

شیئر: