Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی بھی غیر ملکی کمپنی کو آن لائن کاروبار کی اجازت نہیں دی گئی، وزیرتجارت

ریاض۔۔۔ سعودی وزیرتجارت وسرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے کسی بھی غیر ملکی کمپنی کو آن لائن بزنس کی اجازت نہیں دی البتہ نون نامی ایک کمپنی کو مملکت میں آن لائن کاروبار کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے۔یہ مملکت اور امارات کی مشترکہ کمپنی ہے۔ دونوں 50، 50فیصد کے مالک ہیں۔ سعودی پبلک انوسٹمنٹ فنڈ اور ابو ظبی انوسٹمنٹ فنڈ اس کمپنی کے مالک ہیں۔ القصبی نے بتایا کہ سعودی کابینہ نے" ای بزنس کونسل"آن لائن کاروبار کے فروغ کیلئے قائم کر دی ہے۔ کابینہ نے ڈیجیٹل تبدیلی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔ اس کا سربراہ وزیر مواصلات کو بنایا گیا ہے۔ القصبی نے توقع ظاہر کی کہ آن لائن کاروبار کا قانون 2ماہ کے اندر جاری ہو جائے گا۔ 2019ء مملکت کے لئے اٹھان والا سال ثابت ہوگا۔ القصبی نے تسلیم کیا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کا ڈھانچہ استوار کرنے میں نصف صدی کی تاخیر ہو گئی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گزشتہ 6ماہ کے دوران نجی اداروں نے ابھرنا شروع کیا البتہ بہت ساری کمپنیاں مارکیٹ سے نکل گئیں ۔ یہ غیر فعال تھیں۔ کساد بازاری کے باوجود بہت ساری کمپنیوں نے اچھا ریکارڈ بنایا۔ وزیرتجارت نے کہا کہ دیوالیہ پن اور غیر منقولہ جائدادیں رہن رکھنے کے قانون کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ صحت اور ہوٹل کے منصوبوں کو طویل المیعادقرضے دیئے جائیں گے۔ فروغ املاک کا شعبہ ملک کا سب سے بڑا ہے۔ املاک بورڈ قائم کر دیا گیا۔اس کی مجلس انتظامیہ تشکیل دیدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار بحراحمر کے سیاحتی منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہو ںنے بتایا کہ سعودی ویژن2030کے تحت 12پروگرام منظور کئے گئے ہیں۔ ان میں سے بعض 3اور دیگر 5برس میں مکمل ہوں گے۔ ان کے لئے 780ارب یال کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔ وزیرتجارت نے یہ انکشافات جدہ میں (سرمایہ کاری و تجارتی ترغیبات کانفرنس3)سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

شیئر: