سامسنگ کا فولڈنگ فون جلد مارکیٹ میں دستیاب
سیول - - - - سام سنگ کے کاغذ کی طرح لچکدار ڈسپلے رکھنے والا فون طویل عرصے سے خبروں میں ہے اور اب آخرکار کمپنی نے آئندہ ہفتے اس کی پہلی جھلک پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ دوسری جانب جدید فونز کے دیوانے اس کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب نظر آتے ہیں۔آئندہ ہفتے سام سنگ کی ڈویلپر کانفرنس کے دوران جنوبی کورین کمپنی اپنے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون گلیکسی ایف یا جو بھی اس کا نام رکھا جائے گا، کی جھلک پیش کرکے بتائے گی کہ یہ لچکدار ڈسپلے کس طرح کام کرے گا۔سام سنگ نے اس فون کے حوالے سے ایک پبلک ٹریڈمارک بھی رجسٹر کرایا ہے جسے لچکدار ڈسپلے کے سام سنگ انفٹنی وی اسمارٹ فون ڈسپلے کا نام دیا گیا ہے اور اس کوڈ کو سمجھنا زیادہ مشکل نہیں۔سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ انفٹنی ڈسپلے کو سام سنگ کی جانب سے بیزل لیس فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس ایٹ، ایس نائن، نوٹ ایٹ اور نوٹ نائن کے لیے استعمال کیا گیا۔ سام سنگ نے ڈویلپر کانفرنس کے لیے جس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا اس میں پوری توجہ V کو پیش کرنے پر دی گئی ہے، یعنی ایسا فون جو فولڈ ہوسکتا ہے۔سام سنگ کا یہ فون اگلے سال متعارف ہوا بھی تو محدود تعداد میں ہوگا اور اس کی قیمت 2 ہزار ڈالر تک ہونے کا امکان ہے۔