ارسلان ہاشمی۔ جدہ
مملکت اور بیرون ملک قارئین اردونیوز کے لئے قانونی مشوروں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں ہماری کوشش ہوگی کہ مستند قانونی معلومات ہی قارئین کو پہنچائی جائیں تاکہ بہتر طور پر مستفید ہوا جاسکے ۔ اردونیوز کی جانب سے اس کاوش کا مقصد مملکت میں مقیم اور یہاں آنے کے خواہشمندوں کو درست معلومات مہیا کی جائیں ۔ قانونی مشوروں کے حوالے سے اس امر کو بھی ملحوظ خاطررکھا جائے کہ بعض معلومات کا حصول سرکاری اداروں سے کیاجاتا ہے تاکہ مستند جوابات فراہم کئے جا سکیں جس کے لئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے ۔
اردونیوز کے اس سلسلے میں سب پہلے سرکاری اداروں کا تعارف اور انکے دائر ہ کار و اختیار کے حوالے سے بات کی جائے گی تاکہ قارئین کو اس بات کا درست علم ہو سکے کہ انکا معاملہ کس ادارے کے دائرہ عمل میں آتاہے اور وہ درست ادارے سے ہی رجوع کریں ۔ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اکثر لوگ درست معلومات نہ ہونے کی وجہ سے مختلف اداروں کے چکر لگاتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے انکا معاملہ حل نہیں ہوتا اور وہ ایجنٹوں کے پاس جاتے ہیں جو ان سے بھاری فیس لیتے ہیں ۔ قارئین اس بات کو ملحوظ رکھیں کہ سعودی عرب میں اسلامی شرعی قوانین رائج ہیں اوران پر مکمل عمل کیاجاتا ہے جس کےلئے انصاف کا حصول انتہائی آسان امر ہے۔ درخواست گزار اگر چاہے تو وہ خود بھی اپنے بعض معاملات کے حل کےلئے براہ راست اداروں سے رجوع کر سکتاہے ۔
جوازات
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپوٹ ۔ عربی میں اس ادارے کو جوازات کہا جاتا ہے ۔ یہ ادارہ براہ راست وزارت داخلہ کے تابع ہے جو امیگریشن کے علاوہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو اقامتی پرمٹ کے اجراءاور اس میں توسیع کا مجاز ہے ۔ اقاموں کے اجراءکے لئے اس ادارے کو دوحصوں میں تقسیم کیاجاسکتا ہے ۔ وہ غیر ملکی کارکن جو مملکت میں ورک ویزے پر مقیم ہیں ان کے اقاموں کی تجدید یا اجراءورک پرمٹ سے مشروط ہے ۔ ورک پرمٹ کا اجراءلیبر آفس ( جس کا تعارف بعد میں کرایا جائے گا) کے دائرہ اختیار میں آتا ہے جو وزارت محنت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کا ذیلی ادارہ ہے ۔
جوازات کے دائر ہ اختیار میں ورک پرمٹ کا اجراءنہیں ۔ ورک پرمٹ کی بنیاد پر جوازات غیر ملکی تارکین کو اقامہ کارڈ جاری کرتا ہے ۔ محکمہ جوازات سے خروج و عودہ ( ایگزٹ ری انٹری) ، خروج نہائی ( فائنل ایگزٹ ) لگایاجاتا ہے ، ہویہ المقیم "مقیمین کے شناختی کارڈ " ( اقامہ ) کی طباعت کے علاوہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کے اقاموں کا اجراءاور ان میں بعض معلومات کی تبدیلی ۔
مقیمین کے پاسپورٹ کا جوازات کے مرکزی سسٹم میں اندراج جسے عربی میں نقل معلومات کہتے ہیں کی ذمہ داری جوازات کی ہے ۔