لکھنؤ- - - -اتر پردیش کی یوگی حکومت کی جانب سے شہروں کے نام تبدیل کرنے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔اب لکھنؤ کے اسٹیڈیم کابھی نام تبدیل کردیاگیا۔ واضح ہوکہ 6 نومبر کو ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کےمابین ٹی-20 میچ لکھنؤ کے’’ اِکانا ‘‘اسٹیڈیم میں منعقد ہونیوالاہے۔ میچ سے ایک دن قبل یعنی 5 نومبر کو یوگی حکومت نے اس اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے نام سے منسوب کردیا۔اسٹیڈیم کا نام تبدیل کئے جانےپر اتر پردیش کے گورنر نے بھی مہرتصدیق ثبت کردی۔ذرائع کے مطابق ایک خط کے ذریعہ واضح کیا گیاکہ اب لکھنؤمیں واقع اِکانا اسٹیڈیم کو’’ بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم‘‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ اطلاع چیف سیکریٹری برائے رہائش اور شہری پلاننگ نتن رمیش گوکرن نے ایک بیان کے ذریعےدی۔ انہوں نے بتایا کہ لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، اکانا اسپورٹس سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ اور جی سی کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ہونیوالے معاہدہ میں دی گئی سہولت کےپیش نظر یہ فیصلہ کیاگیا۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نےنئے نام کے ساتھ اس اسٹیڈیم کا آج صبح افتتاح کیا۔ اس موقع پرنائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ، معزز سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ حکومت کے اعلی عہدیداراور اہالیان شہرکثیر تعداد میں موجودتھے۔