بدایوں میں کار اور بس میں خوفناک تصادم،8 افراد ہلاک
بدایوں۔۔۔اترپردیش میں ضلع بدایوں کے گنور علاقے میں جمعہ کی صبح روڈویز کی بس اورکار کے درمیان خوفناک تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت8 افراد ہلاک اور 26زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور لاشیں اسپتال کے سردخانے میں جمع کرادیں۔ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار 19افرادایٹہ سے نینی تال جارہے تھے کہ ننورا- بدایوں راستے پر کالیکا مندر کے نزدیک بدایوں سے دہلی جانیوالی ریاستی ٹرانسپورٹ کی بس کارسے ٹکراگئی۔تصادم اتنا شدید تھا کہ ایک بچی3خواتین اور4مرد وں سمیت8 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔حادثے میں دونوں گاڑیوں کے تقریباً 26افراد زخمی ہوگئے جنہیں فورااسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت انتہائی نازک ہے۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کردی۔