گھر والے جب تک طلاق کی حمایت نہیں کرینگے واپس نہیں آؤنگا،تیج پرتاپ
پٹنہ۔۔۔۔آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادوکے صاحبزادے اور رکن اسمبلی تیج پرتاپ یادو نے جمعہ کو کہا کہ وہ اس وقت ہری دوار میں ہیں ۔جب تک اہلیہ کو طلاق کے فیصلے پر گھر والوں کی حمایت حاصل نہیں ہوگی تب تک وہ گھر واپس نہیں آئیں گے۔پٹنہ کے مقامی ٹی وی چینل سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی تیجسوی یادو کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ وہ دہلی میں سالگرہ کی تقریب میں شرکت سے قاصر ہیں۔واضح ہوکہ تیج پرتاپ کو آخری مرتبہ بودھ گیا میں گزشتہ ہفتے دیکھا گیا تھا۔وہ رانچی کے اسپتال میں زیر علاج والد سے ملاقات کرنے کے بعد ایک ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔ تیج پرتاپ کی شادی 6ماہ قبل ہوئی تھی اور گھریلو جھگڑے کے باعث انہوں نے بیوی سے طلاق لینے کیلئے فیملی عدالت میں درخواست دائر کی جس کے بعد سے وہ لوگوں کیلئے موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ طلاق کے اس فیصلے سے لالو پر ساد انتہائی رنجیدہ ہیں۔