آندھرا پردیش :’ ’نائٹی‘‘ پہننے پر 2000 روپے جرمانہ؟
گوداوری۔۔۔۔آندھرا پردیش کے مغربی ضلع گوداوری کے گاؤں توکالاپلی کی خواتین کے لیے نائٹی پہننا جرم قراردیا گیا ۔اسکی خلاف ورزی کرنیوالی خواتین پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق گاؤں کے بزرگوں نے صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک نائٹی پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔علاقے کے بزرگوں نے لوگوں سے کہا کہ دن میں نائٹی پہن کر گھومنے والی خواتین کی شکایت گاؤں میں قائم شکایت مرکز کو پہنچانے والوں کو 1000روپے کے انعام سے نوازا جائیگا۔ بتایا جارہا ہے کہ خلاف ورزی کرنیوالی خواتین سے حاصل شدہ جرمانے کی رقم گاؤں کے ترقیاتی کاموں میں خرچ کی جائیگی ۔توکالا پلی کی آبادی تقریباً 36 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ جب گاؤں میں دن میں نائٹی پہننے پر پابندی عائد کیے جانے کی خبریں عام ہوئیں تو اس عجیب و غریب قانون کی حقیقت کا پتہ لگانے کے لیے تحصیلدار سندر راجو اور پولیس سب انسپکٹر وجے کمار نے علاقے کا دورہ کیا۔ گاؤں کی سرسوتی نامی خاتون نے بتایا کہ خواتین پر نائٹی پہننے پر جرمانہ لگانے کاکوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، یہ محض افواہ ہے۔ سرسوتی نے کہا کہ البتہ خواتین نے دن میں رات کے کپڑے نہ پہننے کا فیصلہ از خود کیا ہے اور اس بارے میں گاؤں کے بزرگوں کو مطلع کیا گیا۔خواتین کے مطابق دن میں نائٹی نہ پہننے کا فیصلہ خود ان کا تھا اور وہ 7 بجے صبح سے 7 بجے شام تک یہ لباس نہیں پہنیں گی۔ جرمانے کی باتیں غلط ہیں۔کرشنا کماری نے بتایا کہ وہ گاؤں میں سبھی خواتین کے ذریعہ بنائے گئے ضابطوں پر عمل کر کے بہت خوش ہیں۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں