"نادرا"سیکشن میں انٹرنیٹ سروس بحال، کام حسب معمول جاری ہے، ارشد منیر
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان ارشد منیر نے کہا ہے کہ نادرا سیکشن میں انٹر نیٹ کا مسئلہ حل کر لیا گیا ۔ شناختی کارڈزکی تجدید اور اجراء حسب معمول جاری ہے ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پریس قونصل نے مزید کہا کہ ایس ٹی سی کی جانب سے انٹر نیٹ سروس معطل ہونے کے سبب وقتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اب سروس مکمل طورپر بحال ہونے کے بعد کام حسب معمول جاری ہے ۔ گزشتہ 3 دن جزوی طور پر انٹر نیٹ سروس معطل رہی تاہم جو ں ہی سرور بحال ہوتا تھا نادرا کے اہلکار فوری طور پر ڈیٹا ارسال کر دیتے تھے ۔ سعودی ٹیلی کام سے فائبر آپٹک سروس کیلئے درخواست کی ہے تاکہ بہتر طور پر کمیونٹی کو خدمات مہیا کی جاسکیں ۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے سے جدہ اور مملکت کے متعدد شہروں میں جاری بارش کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی یا کلی طور پر معطل ہو گئی تھی جس کے سبب لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ نادرا سیکشن کے علاقے میں بھی انٹر نیٹ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے جزوی طور پر کام متاثر ہوا تاہم سیکشن کے عہدیدار نے مکمل ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے درخواست گزاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ اہلکار رات گئے تک دفتر میں رہے جو جزوی سروس بحال ہونے پر فوری طور پر ڈیٹا اپ لوڈ کردیتے تھے جس سے کسی بڑے ڈیڈلاک کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔