پٹنہ۔۔۔بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو نے ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمارپرالزام لگایا کہ ان کی رہائش کی طرف کیمرے لگوا کر جاسوسی کی جارہی ہے۔تیجسوی یادو نے ٹوئٹر پرتحریرکیا کہ جہاں پہلے سے ایک مستقل چیک پوسٹ موجود ہو، وہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ضرورت کیا تھی؟تیجسوی یادونے مزید تحریر کیا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ کی رہائش کے 3طرف مین روڈ ہے اور چوتھی طرف میری رہائش ہے لیکن نتیش کمار کو میری ہی رہائش کی طرف سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟جب بھی ضرورت ہو، سی ایم کی سیکیورٹی مضبوط کی جانی چاہیے۔ جن کے پاس پہلے سے ہی زیڈ پلس زمرے کی سیکیورٹی ہو اور وہ ہائی سیکیورٹی علاقہ میں رہتے ہوں، اپنے پڑوسی کی رازداری میں مداخلت کرنے کیلئے ہائی ریزولیوشن کیمرے لگانا کیا صحیح ہے؟تیجسوی یادو نے کہا کہ پٹنہ میں روزبروز جرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ شہریوں کی حفاظت پر حکومت کو توجہ دینی چاہئے۔عام انتخابات کے قریب آتے ہی سیاست کا بازار گرم ہوگیا۔سیاسی رہنما ایک دوسرے کو ہدف تنقید بنانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔