Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں 28فروری کو اے ٹی ایم کارڈ غیر موثر ہوجائیںگے

ابوظبی ... ابوظبی کے سینٹرل بینک نے اماراتی شناختی کارڈاَپ ڈیٹ نہ کرانے والے کھاتے داروں کے تمام بینک کارڈ بند کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ عملدرآمد 28فروری2019ءسے ہوگا۔ سینٹرل بینک نے تمام بینکوں او رمتحدہ عرب امارات میں کام کرنے والی تمام فنڈنگ کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ اماراتی شناختی کارڈ اپ ڈیٹ نہ کرانے والے تمام کھاتیداروں کے اے ٹی ایم کارڈ ، کریڈٹ کارڈ سمیت بینکوں کے دیگر تمام کارڈمعطل کردیں۔ سینٹرل بینک نے تمام بینکوں او رکمپنیوں کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ قرضہ جات اور مختلف سہولتوں کی درخواستیں نمٹانے کیلئے کھاتیداروں کو امارات کا قومی شناختی کارڈ پیش کرنا ہوگا۔ یہ کسی بھی شہری اور مقیم غیر ملکی کی پہچان کی سرکاری دستاویز کے طور پر مانا جائیگا۔ بینک امو رمیں امارات کے قومی شناختی کارڈ کا استعمال لازمی کردیا گیا ہے۔ سینٹرل بینک نے تمام بینکوں اور فنڈنگ کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام ممکنہ وسائل اپنا کر کھاتیداروں کو نئی پابندی سے آگاہ کریں۔ اس حوالے سے آگہی مہم کا اہتمام کریں۔ تمام صارفین کو بتایا جائے کہ انہیں 28فروری 2019ءسے قبل نئے شناختی کارڈ جاری کرانا ہونگے۔ ایسا نہ کرنے پر وہ کسی بھی بینک سے رقم نہیں نکلواسکیں گے۔ ان کے اے ٹی ایم اور کریڈ ٹ کارڈ ز معطل ہوجائیں گے۔ براہ راست رعایت حاصل کرنے والی سہولت بھی ختم ہوجائیگی۔ سینٹرل بینک نے تاکید کی ہے کہ اے ٹی ایم کارڈز کی عبوری بندش کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ کھاتیدار کسی بھی بینک جاکر براہ راست کاﺅنٹر سے رقم نکلوانے کی سہولت سے بھی محروم کردیئے جائیں۔ کھاتیدار کاﺅنٹر سے رقم نکلواسکیں گے۔ عارضی بندش کے سلسلے میں کھاتیداروں سے نہ ہی کوئی فیس وصول کی جائیگی اور نہ ہی انہیں کسی اضافی امر کا پابند بنایا جائیگا۔
 

شیئر: