سانحہ ماڈل ٹاؤن ازسرنو تحقیقات: سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل
لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے از سر نو تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ ذرائع کے مطابق 5 دسمبر سے کیس کی سماعت شروع کرنے والے بینچ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سمیت 5 جج شامل ہوں گے اور اس میں دیگر صوبوں کی نمایندگی بھی ہوگی۔
کیس کی سماعت کے دوران طاہر القادری نے اپنے دلائل میں کہا کہ سابق آئی جی مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد ہمارا کیس زیرو پر آگیا ہے، لہٰذا استدعا ہے کہ کیس کی ازسرنو تفتیش کے لیے دوبارہ جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ اس دوران نیب کی حراست میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکیل نے پیش ہوکر کہا کہ کیس کی تیاری کے لیے وقت درکار ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے درخواست دائر کی تھی جس پر چیف جسٹس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوٹس لیا تھا۔ عدالت نے اس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ، ن لیگی رہنما عابد شیر علی سمیت 139 نامزد افراد کو نوٹس جاری کیے تھے ۔