حنیف عباسی کی طبیعت خراب‘ گردے ناکارہ ہونے کا خدشہ
راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی جیل میں طبیعت شدید خراب ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے لیگی رہنما کے معالجین کا کہنا ہے کہ حیف عباسی کی فوری طور پر سرجری نہ کرائی گئی تو ان کے گردے ناکارہ ہو سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کیمپ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ حنیف عباسی کے بائیں گردے کا سی ٹی اسکین کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے بائیں گردے کی پتھری مثانے کی نالی میں داخل ہونے سے گردے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، لہٰذا ان کی فوری سرجری کرنی چاہیے۔
دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ حنیف عباسی ذاتی معالج ہی سے سرجری کرانے پر بضد ہیں۔ واضح رہے کہ حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل اور پھر لاہورکیمپ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد اہل خانہ کی جانب سے ملاقات کے حوالے سے پریشانی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔