آباد ی میں تیزی سے اضافہ ،ٹاسک فورس بنے گی
اسلام آباد...مشترکہ مفادات کونسل نے آبادی میں تیزی سے اضافہ کے مسئلہ سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کےلئے قومی اور صوبائی ٹاسک فورسز تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ کے مسئلہ پر غور کیا گیا جو اس وقت 2.4 فیصد سالانہ کی شرح اضافہ کے ساتھ 20 کروڑ 78 لاکھ ہے۔ قومی سطح پر وزیراعظم جبکہ صوبائی سطحوں پر متعلقہ وزرائے اعلیٰ کی سربراہی میں قومی اور صوبائی ٹاسک فورسز تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی اور صوبائی سطحوں پر تشکیل پانے والی ٹاسک فورسز قبل ازیں سپریم کورٹ کے احکامات پر قائم ہونے والی ٹاسک فورس کی سفارشات پر غور کریں گی اور جامع لائحہ عمل پیش کریں گی ۔ اجلاس میں 2 آر ایل این جی پلانٹس نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی ملکیت 1223 میگاواٹ کے بلوکی اور 1230 میگاواٹ کے حویلی بہادر شاہ کو جلد عملدرآمد کے لئے نجکاری پروگرام کی فعال فہرست میں شامل کرنے کی تجویز کی اصولی منظوری دی گئی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے موجودہ انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے پر متفقہ طور پر زور دیا۔ شرکاءمیں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی برآمدی صلاحیت سے استفادہ کرتے ہوئے صنعت کے فروغ کے لئے ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے عمل کو مزید بہتر بنانے پر وسیع تر توجہ مرکوز کرنے پر مکمل اتفاق پایا گیا۔