منگل 20نومبر2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے جریدے ”عکاظ “ کا اداریہ نذر قارئین ہے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مجلس شوریٰ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سعودی عوام ہی ترقی کی کلید ہیں۔ سعودی خواتین اسلامی شریعت کے مطابق مکمل حقوق کے ساتھ ترقی کے عمل میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کی پہلی ترجیح سعودی شہری اور انکی خوشحالی ہے اور رہے گی۔
شاہ سلمان نے یہ بھی کہا کہ روزگار کے مواقع کی فراہمی ہمارے عوام خصوصاً نوجوانوں کی پہلی ترجیح ہے۔ اس ہدف کی تکمیل کیلئے ولی عہد و سربراہ اقتصادی و ترقیاتی امور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مستقبل کی ذمہ داریاں پوری کرنے والی نئی نسل کی تیاری پر توجہ مرکوز کریں۔ نجی ادارے ملک کی ترقی میں اہم کردار کے مالک ہیں۔ آئندہ مرحلے میں سعودی حکومت کی ترجیح نجی اداروں کو مضبوط بنانا ہی ہوگا۔ حکومت کی کوشش ہوگی کہ نجی ادارے ترقی کے عمل میں موثر طور پر شراکت کریں۔
شاہ سلمان نے دین اسلام اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے تن من دھن کی قربانی دینے والے فوجیوںکا ذکر خیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار طریقے سے اپنا قومی فرض ادا کررہے ہیں اور دین اسلام و وطن عزیز کے دفاع میں جرا¿ت اور شجاعت کے ساتھ شاندار قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ ہمارے شہید ہمیشہ ہمارے دلوں میں محفوظ رہیں گے۔ انکے اہل خانہ کی نگہداشت ہمارا فرض ہے جسے ہمیشہ انجام دیا جائیگا۔ شاہ سلمان نے ترقیاتی اسکیموں کے نفاذ کے لئے امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا اور خطے کی ترقی میں قائدانہ کردارادا کرتا رہیگا۔