18ای سی آر ممالک کیلئے سفر کرنیوالے ہندوستانیوں کیلئے رجسٹریشن لازمی
ریاض۔۔۔۔ہندوستان کے تمام( نان ای سی آر) اور (ای سی این آر)پاسپورٹ رکھنے والے ہندوستانی امیگرینٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگروہ ملازمت کے حصول کیلئے 18(ای سی آر) ممالک کیلئے سفر کررہے ہوںتو انہیں اپنے آپ کو ویب سائٹ پر رجسٹر کروانا ہوگا۔اس رجسٹریشن کیلئے وزارت امور خارجہ کی جانب سے ویب سائٹ www.emigrate.gov.inجاری کی گئی ہے۔وزارت کے پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ 18ممالک میں افغانستان، بحرین ، انڈونیشیا، عراق،اردن،کویت،لبنان، لیبیا، ملائیشیا، عمان، قطر ،سعودی عرب، سوڈان ،جنوبی سوڈان ،شام،تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہیں۔واضح رہے کہ یہ سہولت دسمبر 2017ء سے شروع کردی گئی ہے اور یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ رجسٹریشن کا سلسلہ بہتر طریقے سے جاری ہے۔پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ 18ای سی آر ممالک کیلئے سفرکرنیوالے ہندوستانی جوملازمت یا ورک ویزے پر بیرون ملک جارہے ہوں انہیں فوری طور پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ رجسٹریشن ویب سائٹ وزٹ کرکے کرائی جاسکتی ہے۔اس ویب سائٹ میں ای این سی آر رجسٹریشن کیلئے سلسلہ وار ہدایات دی گئی ہیں جس کے تحت رجسٹریشن فارم پُر کیا جاسکتا ہے۔ کامیابی کے ساتھ رجسٹریشن کی تکمیل پر ایس ایم ایس یا ای میل موصول ہوجائیگا۔پریس ریلیز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ’’نا ای سی آر‘‘پاسپورٹ کے حامل ہندوستانی شہریوں کیلئے یہ رجسٹریشن لازمی قراردی گئی ہے۔ بیرون ملک سفر سے کم از کم 24گھنٹے پہلے رجسٹریشن کروانا لازمی ہوگی۔یکم جنوری2019ء سے کوئی بھی ہندوستانی جس کے پاس نان ای سی آر پاسپورٹ ہوگا اسے روزگار کی غرض سے مذکورہ 18ممالک میں سے کسی بھی ملک کیلئے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تاوقتیکہ وہ ’’ای مائیگریٹ‘‘میں خود کو رجسٹر نہ کروالے۔اس اقدام کا مقصدہندوستانی باشندوں کو بیرون ملک ملازمتوں کے دوران بہتر تحفظ اور بہبود فراہم کرنا ہے۔پریس ریلیز میں یہ بھی انتباہ کیا گیا کہ یکم جنوری2019ء سے غیر رجسٹر شدہ نان ای سی آر امیگرینٹ کو ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا جائیگا۔ویزے کی دیگر تمام کٹیگریز اسی طرح رہیں گی ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں