کانپور: کھیت میں کام کرنیوالی خاتون پر اژدہے کا حملہ
جمعرات 22 نومبر 2018 3:00
کانپور۔۔۔کانپورکے گاؤں شاہ پور میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت سامنے آیا جب 10فٹ لمبا اژدہا جھاڑیوں سے نکل کرکھیت میں کام کرنیوالی خاتون پر اچانک حملہ کردیا۔ خاتون کا شوروغل سن کر قریب کے کھیتوں میں کام کرنیوالے کسان اس کی مدد کیلئے دوڑ پڑے اور لاٹھی ، ڈنڈوں سے اژدہے پر وار کرکے خاتون بچالیا۔مشتعل اژدہا کاشتکاروں پر حملہ آور ہوگیاتاہم گاؤں والوں نے کافی جدوجہد کے بعد اُسے رسی سے باندھنے میں کامیاب ہوگئے۔گاؤں کے رام سنگھ یادو نے بتایا کہ کچھ دن قبل گاؤں سے ایک بکری بھی غائب ہوگئی تھی جسے اسی اژدہے نے اپنا نوالہ بنالیا ہوگا۔گاؤں کے پردھان سنیل نے بتایا کہ اژدہا محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس گاؤں میں اژدہوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقے کو اژدہوں سے پاک کرکے گاؤں والوں کو ناگہانی آفتوں سے بچایا جائے۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں