مکہ، مدینہ، جدہ ، قصیم میں زبردست بارش، عنیزہ اور اللیث میں سیلاب
مکہ، مدینہ، جدہ ، قصیم میں زبردست بارش، عنیزہ اور اللیث میں سیلاب
جمعہ 23 نومبر 2018 3:00
جدہ.... مکہ مکرمہ،ریاض، مدینہ منورہ ، جدہ ، قصیم سمیت سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں جمعرات او رجمعہ کی درمیانی شب تیز ہواﺅں اور شدید گرج چمک کے ساتھ زبردست بارش ہوئی۔ القصیم کے شہر عنیزہ اور مکہ مکرمہ ریجن کے شہر اللیث میں سیلاب آگیا۔ بارش کا پانی گھرو ںمیں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج ہفتے کو بھی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ اکثر مقامات پر موسلا دھار اور دیگرمقامات پر درمیانے درجے کی بارش کے امکانات ہیں۔تفصیلات کے مطابق اللیث میں زبردست سیلاب نے شہری دفا ع اور ہلال احمر کے اہلکاروں کی ذمہ داریاں بڑھا دیں۔ 11افراد اللیث کے سیلاب میں پھنس گئے تھے۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے انہیں ہنگامی کارروائی کرکے محفوظ جگہوں پر منتقل کیا۔ 2غیر ملکی وادی اللیث میں محصور ہوگئے تھے انہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکالا گیا۔ اللیث میں سیلاب سے راستے ٹوٹ پھوٹ گئے۔ درخت گر گئے۔ بجلی کے تار زمین پر آگئے۔ دوسری جانب عنیزہ میں سیلاب کا پانی گھرو ںمیں داخل ہوگیا۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے 27خاندانوں کو اسپیشل کارروائی کرکے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ عنیزہ کے ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے نہ صرف یہ کہ گھر تباہ ہوگیا آس پاس کے لوگ بھی خوفزدہ ہوگئے۔ شہری دفاع کے اہلکاروں کو سیلاب میں محصور شہریوں کو نکالنے کیلئے کشتیاں استعمال کرنا پڑیں۔ریاض میں بھی گرج چمک کےساتھ شدید بارش ہوئی۔ القصیم ریجن کے ترجمان ابراہیم ابا الخیل نے بتایا کہ بارش کا پانی بریدہ شہر کے ہ14مکانات میں داخل ہوگیا تھا۔ 12خاندانوں کے 43افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ قصیم میں شارٹ سرکٹ اور بعض گاڑیوں کے پھنس جانے کے واقعات بھی ریکارڈ پر آئے۔ ایک شہری اور 4غیر ملکیوں کو جو گاڑیوں سمیت سیلاب میں پھنسے ہوئے تھے نکال لیا گیا۔ اللیث میں ساحل روڈ پر 11افراد سیلاب میں محصور ہوگئے تھے خصوصی کارروائی کرکے انہیں محفوظ جگہ پر منتقل کردیا گیا۔ الساحل پرانے اور نئے دونوں روڈ دریاﺅں میں تبدیل ہوگئے۔ اللیث میں رات بھر موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ وادی اللیث ڈیم سے پانی رسنے لگا تاہم خطرے سے باہر ہے تشویش کی کوئی بات نہیں۔ مکہ مکرمہ میں صبح سویرے بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ مسجد الحرام کے اطراف کے علاقے کو گاڑیوں سے خالی کرالیا گیا۔ یہاں مختلف راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے۔ ام الجود روڈ اور المغمس روڈ اورنیز الحسینیہ روڈ پر ٹریفک کا سلسلہ بند ہوگیا۔ المعیصم روڈ بند کردیا گیا کیونکہ چٹانیں گرنے کی وجہ سے صورتحال سنگین ہوگئی تھی۔جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گرج چمک کے خطرات کے پیش نظر عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا ۔مدینہ منورہ میں بعض مقامات پر موسلا دھار اور دیگر مقامات پر درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ پورا علاقہ پانی سے جھل تھل ہوگیا۔