بغیر ایندھن آئنوائزڈ ہوا سے طیارہ اڑانے کا کامیاب تجربہ
بوسٹن - - - - میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے ماہرین نے دنیا کا پہلا ایسا طیارہ اڑانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس میں کسی قسم کا کوئی ایندھن نہیں تھا اور نہ ہی اس کا کوئی پرزہ متحرک تھا۔ اسے آئنوائزڈ ہوا کی قوت سے دھکیلا اور اڑایا گیا ہے۔ایم آئی ٹی کے ماہرین نے ابتدائی طور پر ڈھائی کلوگرام وزنی ایک ایسا گلائیڈر نما طیارہ بنایا جس کے پروں کا گھیر 5 میٹرتھا۔ اس جہاز میں انجن، پنکھے اور متحرک پرزہ موجود نہ تھا۔ ابتدائی طور پر اسے ایک بڑے ہال میں 60 میٹر تک اڑایا گیا جسے دھکیلنے کے لیے آئیونائزڈ ہوا کی پھوار استعمال کی گئی تھی۔ ماہرین نے اسے اسٹار ٹریک ٹیکنالوجی جیسا ایک شاہکار قرار دیا ہے۔ طیارے نے 10 کے قریب آزمائشی اڑانیں بھی بھری ہیں اور اس عمل کو ’برق بادی حرکیات یا الیکٹرو ایئرو ڈائنامکس‘ کا نام دیا گیا ہے۔