میرٹ کے بغیر بھرتی ہونے والوں کو فارغ کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو میرٹ کے بغیر بھرتی ہونے والے افراد کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز 4 نئی ٹرینیں چلانے کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم نے شیخ رشید احمد کو ہدایت کی جو بھرتیاں میرٹ کے خلاف کی گئی ہیں ان افراد کو محکمے سے نکالا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے کو ترقی دے کر ملکی خسارے کو کم کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی موجودگی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے خلاف بھرتیاں کرکے ریلوے جیسے اہم ادارے کو تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ سیاسی بھرتیوں والے کچھ افراد مخصوص ایجنڈے پر کام کرکے محکمے کو نقصان پہنچارہے ہیں اور ریلوے کی ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، لہٰذا انہیں نکال دیا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہم یومیہ 6 ارب روپے قرضوں کی قسطیں ادا کررہے ہیں تودوسری طرف سرکاری اداروں کی زمینوں پر طاقت ور مافیا نے قبضے کررکھے ہیں۔ زمینوں کو آزاد کرانے اور میرٹ پر بھرتیوں کے حوالے سے نیا نظام لایا جا رہا ہے جبکہ ساتھ ہی سرکاری اراضی کو استعمال کر کے آمدن کا ذریعہ بنائیں گے ۔