ملک گیر چھاپے جاری‘ تحریک لبیک کے سیکڑوں رہنما و کارکن گرفتار
لاہور: تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کی گرفتاری کے بعد ٹی ایل پی کے خلاف ملک بھر میں چھاپا مار کارروائیاں اور گرفتاریاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مختلف شہروں اور مقامات سے 500 سے زیادہ رہنماﺅں اور عہدیداروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی نے کل اتوار 25 نومبر کو احتجاج کی کال دے رکھی تھی جس سے روکنے کے لیے پارٹی کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت اہم رہنماﺅں اشرف آصف جلالی اور پیر افضل قادری کو گزشتہ رات گئے حراست میں لے لیا گیا تھا۔بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پارٹی کے عہدیداران اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارنے شروع کئے جس کے بعد ملک بھر سے اب تک 500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بتایا گیا ہے کہ گرفتار کئے جانے والوں میں مساجد کے ائمہ اور خطیب بھی شامل ہیں جبکہ کریک ڈاﺅن کے بعد تحریک لبیک، سنی تحریک اور ان کی حامی مذہبی جماعتوں کے بہت سے سرگرم رہنما اور کارکنان روپوش ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے 25 نومبر اتوار کواسلام آباد کے اہم علاقے فیض آباد میں تحفظ ناموس رسالت جلسے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس احتجاجی جلسے کے پیش نظر مختلف مقامات پر پولیس نے کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں اور سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔