سندھ حکومت کو 2 ہفتوں میں فارنسک لیب بنانے کا حکم
کراچی: عدالت عظمیٰ نے حکومت سندھ کو 2 ہفتوں میں فارنسک لیب بنانے کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں فارنسک لیب کے قیام سے متعلق قائم مقام چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری صحت، سیمی جمالی اور جامعہ کراچی کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران قائم مقام چیف جسٹس گلزاراحمد نے سندھ میں فارنسک لیب نہ بننے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ایک سال کی مدت تھی۔ ڈیڑھ سال گزر گیا ۔لیب کیوں نہیں بنائی؟ لیب نہ بننے سے کیا مسائل ہیں کسی کو احساس نہیں، آپ لوگوں کے پاس تاخیر کا کیا جواز ہے ؟ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ لیب کے لیے 27 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں اور بجٹ میں لیب کی تعمیر کےلئے رقم مختص کی گئی تھی تاہم رقم دیر سے ملنے پر لیب کی تعمیر میں تاخیر ہوئی۔ سپریم کورٹ نے 2 ہفتوں میں فارنسک لیب بنانے کا حکم دیا جب کہ قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ لیب کے قیام میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔