Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد تجاوزات مہم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں‘ چیف جسٹس

کراچی: قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاتعطل جاری رکھنے کے ساتھ شہر میں پرانی جھیلیں اور پارکس بحال کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر سے تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر قائم مقام چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں ڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیع صدیقی اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کے ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جبکہ قائم مقام چیف جسٹس کو شہر کے پرانے نقشے اور تصاویر بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر قائم مقام چیف جسٹس کی جانب سے جھیلوں اور پارکس پر تجاوزات کی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں قائم مقام چیف جسٹس نے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھنے اور شہر میں پرانی جھیلیں، پارک بحال کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ شہر کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے جو 30 سال پہلے تھی۔ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں جائے گی۔ قائم مقام چیف جسٹس نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا صرف یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان قبضہ مافیا کے خلاف کیا کاروائی کی گئی، ہم کراچی کو کلین اینڈ گرین دیکھنا چاہتے ہیں۔
 

شیئر: