فواد عالم ٹیم میں واپسی کیلئے تاحال پر عزم ہیں
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین فواد عالم نے تہیہ کررکھا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے دروازے پر دستک دیتے رہیں گے۔ 2015میں آخری بار ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ملک کی نمائندگی کرنے کے بعد مسلسل نظر انداز کئے جانے والے بیٹسمین نے کہا ہے کہ میں نے کبھی امید کا دامن نہیں چھوڑا۔ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے جدوجہد کرتا رہوں گا۔ کرکٹ میری روٹی روزی ہے۔ میں اپنی فیملی اور پرستاروں کیلئے کھیلتا رہوں گا۔ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کرکٹر نے کہا کہ اچھے یا برے کسی طور بھی سہی سلیکٹرز کی کتاب میں تو ہوں۔ قومی ٹیم کیلئے منتخب نہ کئے جانے کی وجوہ نہیں جانتا لیکن اس عزم کے ساتھ کھیلتا رہوں گا کہ ایک دن پاکستان کیلئے کھیلنے کا موقع ملے گا۔انھوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق سے بھی اس بارے میں سوال نہیں کروں گا۔اگر اس موضوع کو چھیڑا تومجھے مزید نقصان ہی پہنچے گا۔ماضی میں برملا اپنے تحفظات کا اظہار کرنے والوں کیساتھ ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔فواد عالم نے کہا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نظر انداز کردیا گیا۔ اگر ملکی سطح کے مقابلوں میں پرفارمنس بنیاد نہیں تو ان کو جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں