Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ٹیسٹ: یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ ،نیوزی لینڈ 90رنز پر آوٹ

دبئی: نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں جاری دوسر ے ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن مایہ ناز پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کے نام رہا جنہوں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 8وکٹیں لے کر نیوزی لینڈ کو 90رنز پر ڈھیر کرکے فالو آن کرنے کے بعد دوسری اننگز میں مزید 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کرکے پاکستان کیلئے اننگز کی فتح کے امکانات پیدا کردیئے ۔ یاسر شاہ کھیل کے ایک ہی دن10وکٹیں لینے کا منفرد کارنامہ بھی انجام دے چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا لئے ہیں۔ جب کھیل ختم ہوا تو ٹام لیتھم اور روس ٹیلر با لترتیب49اور44رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم نیوزی لینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے ابھی مزید 197 رنز درکار ہیں اور اس کی 8وکٹیں باقی ہیں۔ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کے اسکور 24 رنز پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔ بارش کے باعث میچ کا آغاز ایک گھنٹے کی تاخیر سے ہوا ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کی طرح سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جارہا تھا لیکن یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے اوپنر جیت راول کو 50 کے مجموعی اسکور پر آوٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔کھیل میں ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب یاسر شاہ نے 61 کے مجموعی اسکور پر ایک ہی اوور میں ٹام لیتھم، روس ٹیلر اور ہینری نکولس کو آوٹ کرکے میچ پرپاکستان کی گرفت مضبوط کردی۔ اس کے بعد کیوی بیٹنگ لائن سنبھلنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور پوری ٹیم90رنز پر ڈھیر کر فالو آن سے دوچار ہو گئی ۔ یاسر شاہ نے 12.1اوورز میں41رنز دے کر8وکٹیں لیں۔ ایک کھلاڑی کو حسن علی نے پویلین بھیجا جبکہ ایک رن آوٹ ہوا۔کپتان سرفراز احمد نے فالو آن کو نافذ کرکے مہمان ٹیم کو دوبارہ بیٹنگ کرنے کا کہا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے دوسری اننگز میں محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی تاہم 10کے اسکور پر یاسر شاہ نے جیت راول کو دن میں دوسری مرتبہ آوٹ کردیا ۔ کپتان کین ولیمسن نے ٹیم لیتھم کے ساتھ اسکور کو 66رنز تک پہنچایا تو یاسر شاہ نے دوسرے اوپنر ٹیم لیتھم کو بھی آوٹ کردیا جو44رنز بنا چکے تھے۔ اس کے بعد سابق کپتان روس ٹیلر نے موجودہ کپتان کین ولیمسن کے ساتھ یاسر شاہ اور دیگر پاکستانی بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے اسکور کو131رنز تک پہنچا دیا ۔ روس ٹیلر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بعد میں آنے کے باوجود اسکور میں کپتان کین ولیمسن سے آگے بڑھ گئے ہیں اور انہیں نصف سنچری کیلئے صرف ایک رن کی ضرورت ہے ۔ ٹیلر نے ایک چھکا اور6چوکے لگائے۔خراب روشنی کے باعث کھیل قبل ازوقت ختم کیا گیا ۔ دونوں بیٹسمین بیٹنگ ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے کی کوشش کریں گے ۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: