65 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری
اسلام آباد: پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے گزشتہ روز اہم رہا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ سوزوکی موٹرز کے گلوبل چیئرمین پاکستان کے دورے پر ہیں اور انہوں نے سوزوکی موٹرز کی پیداوار بڑھانے کے لیے پاکستان میں 45 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جب کہ دنیا کی بڑی توانائی کمپنی ایگزن موبل بھی 27 سال بعد پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے جارہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان سے سوزوکی موٹرز کارپوریشن کے وفد نے گزشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ جس میں ملک میں موجودہ اور مستقبل میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے وزیر اعظم کو سوزوکی کمپنی کے دوسرے پلانٹ کی تعمیر کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا کہ جس میں سالانہ ایک لاکھ اضافی گاڑیاں تیار کی جاسکیں گی۔ دریں اثناء وزیر اعظم سے ترکی سے آئے کوکا کولا کمپنی کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ جس میں 50 کروڑ ڈالر کی موجودہ سرمایہ کاری اور آئندہ 2 سے 3 برس میں 20 کروڑ ڈالر مالیت کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات بتائی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع کی فراہمی کے ذریعے ملک میں موجود سازگار سرمایہ کاری ماحول سے بھرپور استفادے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔