سرکاری اشتہارات میں تصاویر‘ پیسے وزیر اعلیٰ دیں گے
جمعرات 29 نومبر 2018 3:00
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے سرکاری اشتہارات میں سیاسی تصاویر کے استعمال پر وزیر اعلیٰ سندھ کو پیسے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ ذرئع کے مطابق سپریم کورٹ اسلام آباد میں سرکاری اشتہارات میں سیاسی عہدیداروں کی تصاویر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے بتایا کہ کے پی کے اور صوبہ سندھ کی جانب سے اشتہارات سے متعلق رپورٹس جمع کرادی گئی ہیں۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سندھ میں 14 لاکھ 6 ہزار روپے خرچ کیے گئے ہیں جس پر چیف جسٹس نے حکم دیا کہ یہ پیسے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ دیں گے یا پیپلز پارٹی۔ جلد فیصلہ کرلیں پیسے کون ادا کرے گا۔عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو 15 روز میں پیسے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ کے پی کے حکومت نے جو اشتہار دیے تھے ان کا کوئی خرچہ نہیں دیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹ میں تو وزیر اعلیٰ کے پیغام کا اشتہار ہے۔ کل پرویز خٹک کو بلا لیتے ہیں، سیکرٹری اطلاعات عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ایک اشتہار میں وزیراعلیٰ کی تصویر ہونے پرادائیگی روک لی گئی۔ رقم کی ذمے داری کا فیصلہ ہونے پر ادائیگی کردی جائے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔