Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاڈلے نے کھیلنے کو چاند مانگا، پورا ملک دیدیا گیابلاول

سکھر...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ عمران خان ایسا لاڈلا ہے جوچوری کرتاہے اور سینہ زوری بھی کرتاہے یہ وہ لاڈلا ہے جس نے کھیلنے کو چاند مانگا اور اس کو ملک دے دیا گیا۔ اس یوٹرن حکومت کا راستہ روکیں گے۔عمران خان مانیں یا نہ مانیں یہ ہماری جنگ ہے۔شہدا بھی ہمارے ہیں اور یہ غازی بھی ہمارے ہیں۔ جب تک پاکستان کے وزیراعظم خود اس دہشتگردی اور انتہاپسندی کی جنگ کو اپنی جنگ سمجھ کر نہیں لڑیں گے۔ تب تک ملک کی دہلیز پر لگی آگ کو نہیں بجھا سکتے۔ عمران خان اور دیگر لوگوں نے سیاست کرنا سیکھنا ہے تو بے نظیر بھٹو کی سیاسی زندگی سے سیکھیں جو ملک کے لئے شہید بھی ہو گئیں۔ آج معیشت سنبھلنے کے کوئی آثار نہیں نظر آ رہے۔ ان لوگوں نے 100 دن مین انقلاب لانے کی بات کی تھی۔100 دن گزر گئے مگر جنوبی پنجاب کا وعدہ بھی باقی تمام وعدوں کی طرح جھوٹا ہی نکلا۔ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر سکھرمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ملکی تاریخ میں موجودہ حکومت کا گراف اتنی تیزی سے نیچے آیا کہ 100 دنوں میں لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا۔ عمران خان نے 100 دنوں میں یوٹرن لینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ عمران خان نے ہر بات پر یوٹرن لیا۔ گیس، بجلی، پانی سب کا بحران ہے بے روزگار نو جوان زندگی سے مایوس ہیں۔کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے معیشت سنبھالنے کے آثا ر نظر نہیں آرہے ۔ بیرونی سرمایہ کاری میں 35 فیصد کمی آئی۔ سی پیک کو متنازعہ بنا دیا گیا۔ دوست ممالک میں پاکستان کے خلاف شک و شبہ پیدا کر دیا۔بلاول نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتساب کے نام پر انتقام کا بازار گرم کیا۔ احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو بدنام کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن ختم کردیا۔ بلین ٹریز سونامی اور پشاور میٹرو میں ہونے والی کرپشن کی فائلز بند کر دیں۔ مقدمات کا سامنا کرنے والوں کو وزیر بنا دیا ایک اور سزا یافتہ نا اہل نائب وزیر اعظم کے اختیارات استعمال کر رہا ہے۔بلاول نے لاپتہ افراد کی بازیابی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ سے پوچھتا ہوں کے آپ نے بلوچستان کے ساتھ کیا کیا؟کتنے لاپتہ بلوچ بھائی بازیاب ہوئے؟مینگل صاحب آپ کے6 نکات کا کیا ہوا؟ ایم کیو ایم والوں سے پوچھتا ہوںکہاں گیا کراچی پیکیج؟۔ہر وعدے پر یو ٹرن پھر بھی پتنگ بلا بھائی بھائی۔خان نے تو غربت مٹانے کا وعدہ کیا تھا مگر یہ تو غریب مکاو پروگرام پر عمل کر رہے ہیں۔ مہنگائی کی سونامی میں عوام ڈوب رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ میں آپ کی طاقت سے آپ کی حمایت سے ان عوام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرونگا، ساتھ مل کر ا نہیںشکست دینگے۔ اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستا ن بنائیں گے۔ اس ملک کو قائد عوام کا پاکستا ن بنائیں گے، اس ملک کو بے نظیر کا پاکستا ن بنائیں گے۔
 

شیئر: