سعودی عرب تاریخ بنا رہا ہے
پیر 3دسمبر 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے جریدے ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئر س میں ہونے والی جی 20میں غیر معمولی اور توجہ طلب شرکت کرکے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ثابت کردیا کہ سعودی عرب بین الاقوامی اثر و رسوخ کی مالک ریاست ہے۔ جی 20کے اجلاس ہفتے کو اختتام پذیر ہوگئے۔ سعودی ولی عہد نے مستقبل سے متعلق گہرے روشن تصور کی صداقت کو بھی اجاگر کردیا۔ انہوں نے پوری دنیا کو جتا دیا کہ وہ پراعتماد، باصلاحیت اور آنے والے کل پر غیر معمولی نظر رکھنے والی شخصیت کے مالک ہیں۔ سعودی ولی عہد نے جی 20میں شرکت کے بعد ماریطانیہ اور الجزائر کے برادر ممالک کے دورے کا آغاز کردیا۔ جی 20میں شرکت سے قبل وہ متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور تیونس گئے تھے۔
عرب ممالک نے سعودی ولی عہد کا شاندار پرتپاک استقبال کیا۔ جی 20میں عالمی قائدین نے بھی انکی زبردست پذیرائی کی۔ یہ سب کچھ غیر متوقع نہیں تھا۔ عالمی خبررساں اداروں اور دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بیونس آئرس میں سعودی ولی عہد پر اپنے کیمرے مرکوز رکھے۔ دو طرفہ ملاقاتیں ہوں یا غیر معمولی میٹنگیں ہوں ،جہاں بھی اور جس سے بھی سعودی ولی عہد نے مملکت کے مستقبل اور عالمی استحکام کے حوالے سے بات چیت اور گفت و شنید کی وہاں وہاں عالمی فوٹو گرافر ان کے کیمرے ان پر مرکوز رہے۔
سعودی عرب غیر معمولی دور سے گزر رہا ہے۔ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ سعودی عرب پائدار اقتصادی ، سماجی اور ترقیاتی عمل انجام دے رہا ہے۔ سعودی وژن 2030کے نتائج ابھر کر سامنے آنے لگے ہیں۔ تمام شواہد بتا رہے ہیں کہ سعودی وژن 2030موثر بھی ہے اور مفید بھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭