ذکاءاللہ محسن۔ ریاض
پاکستان انٹر نیشنل اسکول ناصریہ سینیئر بوائز ونگز میں انٹر ہاؤس مقابلہ حسن قرأت منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد زید ملک تھے۔ صدارت کے فرائض پرنسپل ائیر کموڈور (ر) نعیم اختر نے انجام دئیے۔ ایکٹنگ پرنسپل گوہر رفیق، وائس پرنسپل چوہدری خادم حسین اور سینئر بوائز ونگ 2 کے ہیڈ ماسڑ محمد تنویر احمد مہمانان گرامی شا مل تھے۔پہلے مرحلے میں سینئر بوائز ونگ 2 کے طلبا کے درمیان مقابلہ ہوا جس کی نظامت کے فرائض قاری محمد افضل نے انجام دیئے۔ پہلے مرحلے کا آغاز قاری ریان وحید کی تلاوت کلام پاک سے ہو ا۔ اس مرحلے میں 4ہاؤسز نے شرکت کی جن میں اقبال ، لیاقت، جناح اور جوہر ہائوس شامل تھے۔ دوسرے مرحلے کی نظامت کے فرائض عظمت اللہ بھٹہ نے ادا کئے۔ مقابلہ سینئر بوائز ونگ 1 کے طلبا کے درمیان ہوا۔ اس میں5 ہاؤسز نے حصہ لیاجن میں عبدالعزیز، عبدالقدیر، جناح،ٹیپو اور اقبال ہا ئوس شامل تھے۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر زید ملک نے اس بابرکت پروگرام میں شرکت کی دعوت دینے پر سکون انتظامیہ اور پرنسپل کا شکریہ ادا کیا۔ا نہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ قرآن کریم کی تلاوت ترتیل اور تجوید کے اسرار کو ملحوظ رکھتے ہوئے کرنے کی عادت ڈالیں ۔ آخر میں انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کیااور دعا کی اللہ کریم ہمیں قران پڑھنے اور سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ نتائج کے مطابق سینئر بوائز ونگ 2 میں محمد احمد نعیم اول، محمد نفیس دوم، محمد ابراہیم سوئم رہے۔ اس طرح لیاقت ہاؤس کامیاب قرار پائے جبکہ سینئر بوائز ونگ 1 کے مطابق عبدالرحمان ابراہیم اول، شارف علی دوم، عثمان اویس سوم رہے۔ اس طرح عبدالقدیر ہاؤس کامیاب قرار پایا۔ تقریب کے آخر میں پرنسپل نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی اور منصفین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سر گرمیاں طلبا کی نشوونما اور تربیت کے لیے بہت اہم ہیں اس لئے طلبا کو ان سر گرمیوں میں بھرپور انداز میں حصہ لینا چاہیئے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل اور مہما ن خصوصی نے پوزیشن حاصل کرنےوالے طلبا کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ ادارے کی طرف سے پرنسپل نے مہمانِ خصوصی کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی۔
سینئر گرلز ونگ اوّل میں منقعدہ مقابلہ حسن قرأت کے سر پرست اعلیٰ پرنسپل ائر کموڈور نعیم اختر اور سر پرست وائس پرنسپل مسز فوزن عظیم بھٹی تھیں۔ اسٹیج کو پروگرام کی مناسبت سے بہت خوبصورت انداز میں قرآنی آیات سے سجایا گیا تھا۔مہمان خصوصی مسز یاسمین ذاکرتھیں۔ پروگرام کی منتظمین مسز ام سلیم، مسزعقیلہ زیب اور مسزآشفہ رضا اور مسز خالدہ سجادتھیں۔ نظامت کے فرائض مسزعقیلہ زیب نے ادا کئے۔ منصفین کے فرائض بشریٰ عبدالوحید، سمعیہ خالد اور اسما عبدالغفار نے نہایت احسن طریقے سے ادا کئے۔مقابلے کا آغاز اللہ پاک کے بابرکت نام سے ہوا۔ ملائکہ ایمان ( دہم ای) نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ گزشتہ سال کی رپورٹ نخلہ دوست محمد نے پیش کی اور اس کے بعد مقابلہ حسن قرأت کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ہر ہائوس سے 2طالبات نے شرکت کی۔ قاریہ طالبات نے نہایت خوش الحانی اور تجوید کے قواعدکے مطابق مختلف سورتوں کی تلاوت کی۔ محفل پر وجد طاری تھا۔ سب کے دل ایمان سے منّور ہو رہے تھے۔منصفین کے فیصلے کے مطابق اوّل انعام جناح ہائوس کی سارہ واقف اللہ ، دوم پر عبدالقدیر ہاؤس کی ایمان شیر علی ، اور سوم انعام کی حقدار اقبال ہاؤس کی اقرامشتاق قرار پائیں ۔ مہمان خصوصی اور وائس پرنسپل مسز فوزن عظیم بھٹی نے مقابلہ جیتنے والوں کو شیلڈز ،انعا مات اور تحفوں سے نوازا۔ مہمان خصوصی نے اسکول انتظامیہ کو اس قدر شاندار پروگرام پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ وائس پرنسپل نے خطاب میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ اپنی زندگیاں قران پاک سے مزین کریں۔ انہوں نے بچوں کو روزانہ نماز اور قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ سمجھ کر پڑھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ کتاب برحق ہے جو ہماری زندگیاں بدل سکتی ہے۔ ہمیں زند گی کے تمام معمو لات میں رہنمائی صرف قرآن پاک سے لینی چاہیے۔ پروگرامز کا اختتام طالبہ حنین لقمان کی دعا اور قومی ترانے پر ہوا۔