کرس گیل نے 3 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ جیت لیا
سڈنی: ویسٹ انڈین اوپنر اور عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین کرس گیل نے آسٹریلیا کے میڈیا ادارے کے خلاف3لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ جیت لیا ۔کرس گیل نے2017ءمیں اس ادارے کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے ہرجانہ طلب کیا تھا۔ گزشتہ روز نیو ساﺅتھ ویلز کی ایک عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے میڈیا ادارے کو کھلاڑی کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ہرجانے کی ادائیگی کا حکم جاری کردیا۔ ادارے نے 2015ءکے ورلڈ کپ کے دوران کرس گیل کی جانب سے ایک خاتون مساجر کے سامنے نامناسب طرز عمل کا مظاہرہ کرنے کا الزام لگایا تھا ۔ جیوری نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا کہ ادارہ کرکٹر کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا جبکہ جو الزام لگایا گیا وہ بھی غیر سنجیدہ نوعیت کا ہے ۔ مبینہ طور پر ویسٹ انڈین ڈریسنگ روم میں رونما ہونے والے اس واقعے کے بارے بعض دیگر اخبارات نے بھی رپورٹس شائع کی تھیں تاہم ان کے حوالے سے اس کیس میں کوئی ذکر نہیں ہوا۔ دوسری جانب کیس ہارنے والے ادارے کا موقف ہے کہ انہوں نے جو کچھ شائع کیا وہ عوامی مفاد میں تھا ۔ ان کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو بھی چیلنج کریں گے اور ان کے خیال میں جیوری کو گمراہ کیا گیا اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں