ایران کا میزائل تجربہ،سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
واشنگٹن...برطانیہ اور فرانس نے ایران کے متنازع بیلسٹک میزائلوں کے تجربات پرسلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایران کے جوہری وار ہیڈ لے جانے والے بیلسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایران کو اس طرح کے تجربات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جوہری وار ہیڈ لے جانے والی صلاحیت والے بیلسٹک میزائل کی تیاری بین الاقوامی قوانین اور جوہری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔امریکی انتظامیہ نے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کے تجربات پر تہران پر پابندیاں عا ئدکریں۔ایران کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی برین ہوک نے کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام پرجام کاری رکھنے پراصرار اس بات کا ثبوت ہے کہ تہران عالمی برادری کے ساتھ وعدوں پرعمل درآمد نہیں کررہا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری وار ہیڈ لےجانے کی صلاحیت کے حامل میزائل عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ادھر فرانس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسے ایران کے بیلسٹک میزائل کے تجربے پر تشویش ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایران نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ایک ایسے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ برطانوی وزیرخارجہ جیرمی ھنٹ نے ایران کے بیلسٹک میزائل تجربے کو اشتعال انگیزی اور عالمی امن وسلامتی کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا۔ ا نہوںنے کہا کہ برطانیہ ایران کو بیلسٹک میزائلوں کی تیاری سے روکنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔