ریاض .... وزارت حج و عمرہ نے مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے معتمرین کی سہولت کےلئے آن لائن ہوٹل بکنگ کے لئے معروف کمپنی سے معاہدہ کر لیا ۔ الریاض اخبار کے مطابق وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور اجودا کمپنی کے نائب نگران ڈاکٹر امین فیرش نے معاہدے پر دستخط کئے ۔ اس ضمن میں وزیر حج ڈاکٹر بنتن کا کہنا تھا کہ سفر و سیاحت کے میدان میں عالمی شہرت یافتہ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ مملکت آنے والے معتمرین کو بہترین خدمات مہیا کی جاسکیں ۔ کمپنی عالمی شہرت کی حامل ہے جو عرصہ سے اس فیلڈ میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ وزیر حج نے مزید کہا کہ معتمرین کے لئے ہوٹلوں کی آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد بہترین اور عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے ۔ آنے والے برسوں میں 30 لاکھ معتمرین کی آمد متوقع ہے جس کےلئے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ آن لائن بکنگ میں ان ہوٹلوں کو شامل کیا گیا ہے جو وزارت حج و عمرہ کی مقررہ شرائط کے مطابق خدمات فراہم کرتے ہیں ۔ اجودا کمپنی سے معاہدے سے معتمرین کو کافی سہولت ہو گئی جو انہیں عالمی معیار اور معتمرین کی مرضی کے مطابق سہولیات فراہم کرے گی ۔ مذکورہ کمپنی جو آن لائن بکنگ کےلئے عالمی سطح پر معروف ہے مختلف زبانوں میں معتمرین کو ان کی مطلوبہ خدمات مہیا کرے گی جبکہ ہوٹلوں کی بکنگ کےلئے مختلف کرنسی بھی استعمال کی جاسکے گی ۔ وزیر حج ڈاکٹر بنتن نے مزید کہا کہ مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت حج و عمرہ بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ ضیوف الرحمان اور زائرین کو بہترین سہولیتں فراہم کی جاسکیں ۔ آن لائن بکنگ سے جہاں سیاحتی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا وہاں انفرادی طور پر مملکت آنے والے بھی مستفیض ہونگے ۔ توقع ہے کہ آئند ہ برسوں میں معتمرین کی آمد میں غیر معمولی اضافہ ہوگا جس کے پیش نظر ہر فیلڈ میں جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ دریں اثناءکمپنی کے آپریشنل ڈائریکٹر جان براﺅن نے وزارت حج و عمرہ کے ساتھ کئے گئے معاہدے ہر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہوٹل بکنگ سیکٹر میں کافی آسانی ہو گی اور بکنگ کے معاملات جامع اور آسان انداز میں مکمل کئے جا سکیں گے ۔ براﺅن نے اجودا کمپنی کے بارے میں بتایا کہ کمپنی سیاحت اور ہوٹل بکنگ کے میدان میں عالمی شہرت یافتہ ہے اور بہترین خدمات کے حوالے سے معروف ہے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ہم مقررہ اہداف کو بہتر طریقے سے پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔