گزشتہ برس دیت کے سلسلہ میں 85 ملین ریال کی وصولی گرائی گئی ، ویلفیئر قونصلر
مکہ مکرمہ (محمدعامل عثمانی )تحریک انصاف ویلفیئرکمیونٹی مکہ مکرمہ نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ کے تعاون سے ”کمیونٹی آگاہی سیمینار“کا انعقاد کیا جس میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔سیمینار کا مقصد کمیونٹی کو قونصلیٹ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کرنا تھا ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا ۔ تحریک انصاف ویلفیئرکمیونٹی مکہ مکرمہ کے صدر ڈاکٹر خالد عظیم خٹک نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ ویلفیئر قونصل نجیب اللہ خان نے شرکاءکو قونصلیٹ کے انفرااسٹرکچر اور مختلف شعبوں سے متعارف کرایا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق، سہولیات اور ذمہ داریوں سمیت قونصلیٹ کے کردار پر روشنی ڈالی ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ کسی سےاسی پلیٹ فارم پر یقین نہیں رکھتی۔ قونصلیٹ کا عملہ بلا امتیاز کمیونٹی کے معاملات کو سمجھنے اور ان کو قوانین کے مطابق سلجھانے کی اپنی تمامتر صلاحیتیں بروئے کار لاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 2017ءکی رپورٹ کے مطابق قونصلیٹ نے سعودی عدلیہ میں 1500 معاملات پیش کئے جن میں ہمیں بہت سی کامیابیاں ہوئیں اور قونصلیٹ نے پاکستانی محنت کشوں کے 687ملین روپے وا پس دلائے ۔ دیت کے سلسلہ میں 85 ملین روپے کی وصولی کروائی گئی۔ 1414 قیدیوں کے معاماات کی پیروی کرتے ہوئے 679 پاکستانیوں کو رہاکروایا گیا ۔ اسی طرح قونصلیٹ میں 2869 خاندانوں کی مدد کرتے ہوے انکی میتوں کو پاکستان روانہ یا مقامی طور پر دفنا نے میں معاونت کی گئی ۔ آخر میں سیمینار کے شرکاءکی طرف سے کئے جانے والے سوالات کے جوابات دیئے گئے ۔تقریب کے اختتام پر ویلفیئر کے قونصل نجیب اللہ خان کو انکی کمیونٹی خدمات پر تعریفی سند پیش کی گئی۔