وزیر اعلیٰ سندھ کی وفاق پر تنقید‘ گیس کی فوری بحالی کا مطالبہ
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں گیس کی قلت کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس بحران سندھ کے عوام سے روزی روٹی چھیننے کے مترادف ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے وفاق سے صوبے کے لیے فوری طور پر گیس بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دستور کی شق 158 کے تحت گیس پر پہلا حق سندھ کے عوام کا ہے کیونکہ ملک کی 70 فیصد گیس سندھ پیدا کرتا ہے اور سندھ ہی کے عوام کو اس بنیادی ضرورت سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پورے صوبے میں گیس کی بندش سے بڑا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ نہ صرف گھریلو صارفین کو گیس سے محروم کیا گیا ہے بلکہ صنعتوں، پاور پراجیکٹس اور سی این جی اسٹیشنز کو بھی بند کیا گیا۔ گھریلو صارفین پریشان ہیں، صنعت کا پہیہ بند ہے اور بجلی کی پیداوار متاثر ہورہی ہے ۔