امیر محمد خان کے اعزاز میں تقریب کے دوران مل جل کر جدوجہد کرنے کا عزم
ریاض ( ذکاءاللہ محسن ) پاکستان جرنلسٹ فورم جدہ کے چیئرمین امیر محمدخان کے اعزاز میں پاک میڈیا فورم ریاض کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر امیر محمد خان نے کہا کہ وہ جب بھی ریاض آتے ہیں تو صحافی دوستوں اور کمیونٹی کی طرف سے بہت پیار اور خلوص ملتا ہے۔ جس طرح ریاض کمیونٹی متحرک ہے اسی طرح پاک میڈیا فورم کے صحافی بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاک میڈیا فورم اور پاکستان جرنلسٹ فورم ایک دوسرے کے ساتھ جس طرح ملکر کام کر رہے ہیں اس سے لوگوں کو ایک اچھا پیغام مل رہا ہے کہ سعودی عرب میں ورکنگ جرنلسٹ نا صرف ایک ہیں بلکہ ملکرکمیونٹی کی خدمت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم، صدر ذکاء اللہ محسن، نائب صدر امتیاز احمد، جنرل سیکریٹری جہانزیب امجد، انفارمیشن سیکریٹری عابد شمعون چاند، جوائنٹ سیکریٹری بابر علی ، شبریز اختر سویہ اور دیگر نے عشائیے میں شرکت کی۔