Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا دورہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول،ناصریہ ریاض

***ذکاء اللہ محسن ***
ریاض:گزشتہ روز خان ہشام بن صدیق سفیر پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض کا دورہ کیاجہاں پر آپ نے  سینیئر گرلز ونگ کی طالبات کو تعلیم حاصل کرتے ہوئے کلاس رومز میں دیکھا۔ انہوں نے طالبات سے مختلف سوالات کئے اور ان کی تعلیمی استعداد کو جانچا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ آپ کے ہمراہ اسکول کے لنک افسر شیخ عبد الشکور بھی تھے۔ اسکول میں آپ کو خوش آمدید کر نے کے لئے پرنسپل نعیم اختر ائیر کموڈور (ریٹائرڈ) ، ایکٹنگ پرنسپل گوہر رفیق، وائس پرنسپل (گرلز) فوزن عظیم بھٹی ، ونگ ہیڈ سینیئرگرلز ونگ -ٹو مسز نصرت ناہید، ونگ ہیڈ جونیئر بوائز ونگ مسز فوزیہ باجوہ اورسینیئر اساتذہ کرام تھے۔ اسکول کے ہونہار بچوں نے آپ کو پھولوں کا ایک  خوبصورت گلدستہ پیش کیا۔ 
خان ہشام بن صدیق نے ایک مختصر مگر پْر وقار تقریب میں سینیئر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکول نے گزشتہ سال میں اپنے آپ کو بہت حد تک تبدیل کر لیا ہے۔ ناصریہ اسکول ہمیشہ میری پہلی ترجیح رہی ہے کیونکہ یہاں عام پاکستانیوں کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں جو خود بھی مملکت میں معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ شروع دن سے میری یہ خواہش تھی کہ کو ئی پاکستانی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ اس سلسلے میں غریب طلباء کی فیسوں کی ادائیگیوں میں کمیونٹی سے تعاون بھی حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے میرٹ پر اسکول مینجمنٹ کمیٹی بنائی جو اسکو ل کا انتظام اچھے انداز سے چلا رہی ہے۔ انہوں یہ بھی کہا کہ مملکت کے حالات کی وجہ سے ہمیں اسکول کے بہتر مفاد میں کچھ کٹھن فیصلے بھی کرنے پڑے۔ انہوں نے اساتذہ کرام سے کہا کہ آپ اس قوم کے معمار ہیں۔ آپ اپنا کام انتہائی محنت اور دیانت داری سے کرتے رہیں۔ شیخ عبدالشکور  ویلفیئراتاشی پاکستان ایمبسی ریاض نے سفیر پاکستان کی ان کاوشوں کا ذکر کیا جو انہوں نے مملکت بھر میں تعلیم اداروں کی بہتری کیلئے اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں ملٹی میڈیا بورڈ ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا  جا رہا ہے۔  اس ٹیکنالوجی کے ذریعے اسکول کو اوپی ایف اسلام آباد کے لیکچر ہالز سے براہ راست جوڑ دیا جائیگا جہاں پر پاکستان کے مایہ ناز اساتذہ طلباکو براہ راست تعلیم دے رہے ہوں گے۔  انہوں نے اسکولوں کی بہتری کے اٹھائے جانے والے اقدامات  پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب سفیر پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوئے۔اسکول مینجمنٹ کونسل کے وائس چیئرمین ڈاکٹر رجب نے اسکول مینجمنٹ کونسل کی گزشتہ سال کی کارکردگی بیان کی اور اپنے ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو مینجمنٹ کونسل نے اسکول کی بہتر ی اور ترقی کیلئے اٹھائے ہیں۔
پرنسپل نعیم اختر نے اپنے خطاب میں سفیر پاکستان ، لنک افیسر ، اسکول مینجمنٹ کونسل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب کے تعاون سے اسکول دن دگنی اور رات چگنی ترقی کر ے گا۔ انہوں نے سفیر پاکستان کی اسکول سے والہانہ محبت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی اسکول کے معاملات آپ کے پاس لے کرگیا آپ نے ایک لمحہ ضائع بغیر انہیں حل کر دیابلکہ مجھے بعض اوقات تو یوں لگتا تھا کہ میں اور مطالبات لے کر ان کے پاس کیوں نہیں آیا۔ شیخ عبدالشکور کے تعاون کو بھی آپ نے سراہا۔پرنسپل نے کہا کہ آپ سب کے تعاون سے
 انشاء اللہ ہم اسکول کو ایک بلند مقام تک لے جائیں گے۔سفیر پاکستان کو اسکول آمد پر یاد گاری  شیلڈ اور سینیئرگرلز ونگ کی طالبہ سماوئیہ  کی جانب سے ایک خوبصورت پینٹنگ پیش کی گئی۔تقریب میںا سٹیج سکریٹری کے فرائض پروفیسر گوہر رفیق اور معاونت پروفیسر انوارالحق نے کی جبکہ تلاوت کلام پاک قاضی سہیل نے کی۔
 

شیئر: