فضائی حملے ،ترک سفیر کی عراقی دفتر خارجہ طلبی
بغداد...عراق نے ترک فوج کی جانب سے فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج کیا ہے۔عراقی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ نے بغداد میں متعین ترک سفیرکو دفتر میں طلب کر کے احتجاجی یادداشت دی جس میں انقرہ سے عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ عراق ترکی کی جانب سے فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ترک فضائیہ نے شمالی عراق کے علاقوں جبل سنجار اور مخمور پر بمباری کی۔ ترک فضائیہ کی کارروائیاں عراق کی خود مختاری پر حملہ اور عراقی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔ ترکی نے ثابت کیا ہے کہ وہ اچھا ہمسایہ ملک بننے کے بجائے عراق کے لئے مشکلات اور ہمسائیگی کے بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ترک فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ فضائیہ نے شمالی عراق میں کردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے 8 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ ترکی کا الزام ہے کہ کرد تنظیم نے عراق میں اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔