پی آر سی کے تحت 47 ویں یوم شہدائے مشرقی پاکستان کے موقع پرسمپوزیم
ڈھاکا صرف پاکستانیوں کیلئے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے ایک سیاہ باب ہے جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے، ڈاکٹرالغامدی کا تقریب سے خطاب
کمیونٹی ڈیسک۔جدہ
مجلس محصورین کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں47ویں شہدائے مشرقی پاکستان کوخراج عقیدت پیش کرنے اور سقوط ڈھاکا کی یاد میں ایک سمپوزیم منعقدہوا جس کا عنوان تھا’’ محصور پاکستانیوں کی بنگلادیش سے منتقلی و آباد کاری ہمارا قومی فریضہ‘‘۔ سمپوزیم کا افتتاح پی آر سی کے قائم مقام کنوینر سید مسرت خلیل نے کیا۔ معروف سعودی دانشور و سابق سفارتکار ڈاکٹر علی الغامدنے صدارتی خطبہ میں کہا سقوط ڈھاکا صرف پاکستانیوں کیلئے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے ایک سیاہ باب ہے جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہوا کہ اس جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے والے محب وطن پاکستانیوں کومکتی باہنی اور بنگالی سرکار کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیاجنہوں نے ظلم و ستم کی انتہا کردی۔ہم وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی فوری با عزت پاکستان منتقلی و آباکاری کا انتظام کریں۔مہمان خصوصی انجینئر سید نیاز احمد نے کہا کہ محصور پاکستانیوں نے 47سال بعد بھی اپنی پاکستانیت کو وقار کے ساتھ نبھایا ہے۔یہ لوگ خود دار ہیں ،پاکستان آئینگے تو محنت مشقت سے روزی کمائیں گے۔پی ٹی آئی کے فرخ بشیر نے کہا وہ اس مسئلے کے حل کے لئے وزیراعظم سے بات کریں گے تاکہ محصورین کی وطن واپسی کے انتظامات کئے جائیں۔انجینئر سی نصیر الدین نے مجلس محصورین کے مشن محصورین کی واپسی اور الحاق کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے کا اعادہ کیا۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محصورین کی جلد پاکستان منتقلی و آبادکاری کے انتظامات کرے۔عالمی اردو مرکز کے صدراور ممتازشاعر اطہر نفیس عباسی نے شہدائے مشرقی پاکستان کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔انھوں نے محصورین کے کرب اور بے بسی کو اپنے خوبصورت اشعار میں بیان کیا۔ ایڈوکیٹ شمس الدین الطاف اور پی آرسی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد امانت اللہ نے بھی سمپوزیم سے خطاب کیا اور حکومت سے محصورین کی جلد پاکستان منتقلی وآبادکاری کا مطالبہ کیا۔ معروف شاعر زمرد خاں سیفی نے محصورین کی حب الوطنی پر قطعات پیش کئے۔محصورین کی جلد واپسی ،کشمیر یوں کے حق خودارادیت اور بھاشاہ ڈیم سمیت دیگر تمام ڈیم کی جلد تعمیر کیلئے قرار دیں منظور کی گئیں۔ ناظم تقریب سید مسرت خلیل نے صدر تقریب ڈاکٹر علی الغامدی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طبیعت کی ناسازی کے باوجود سمپوزیم میں شرکت کی۔آخر میں پاکستان کے معروف صحافی اظہرہاشمی اور پی آر سی کے قاری عبدالمجید کی صحتیابی کی ، شہدائے مشرقی پاکستان اور عالم اسلام کی خوش حالی وسربلندی کی دعائیں کی گئیں۔