کسی ملک سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے،چینی صدر
بیجنگ..چینی صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا ہے کہ معاشی ترقی کے لئے کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے دی گئی سمت پر کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے معاشی ترقی کے 40 سال مکمل ہونے پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ چین ایک پارٹی نظام سے انحراف نہیں کرے گا اور کسی ملک سے احکامات نہیں لے گا۔ سوشل ازم کا عظیم پرچم چین کی سرزمین پر ہمیشہ سربلند رہے گا۔چینی صدر نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی کی قیادت سوشل ازم کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ چینی کردار کے باعث سوشلسٹ سسٹم نے عظیم کامیابی حاصل کی۔ صدر شی جن پنگ نے امر یکہ کا نام لئے بغیر کہا کہ چین کو کسی بھی ملک سے خطرہ نہیں۔چین کو اپنی مرضی کے مطابق نہیں چلایا جاسکتا۔ کوئی اس پوزیشن میں نہیں کہ چین کے لوگوں کو یہ ڈکٹیٹ کراسکے کہ انہیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں ۔ چینی صدر نے اپنے خطاب کے دوران اصلاحات کا وعدہ بھی کیا ۔