سعودیوں کےلئے پاکستانی وزٹ ویزا فیس میں کمی کا باضابطہ اعلان
وزٹ ویزا 60 ڈالر جبکہ تجارتی ویزا فیس کے 90 ڈالر مقرر کئے گئے ، ارشد منیر، سعودی عرب کی جانب سے بھی پاکستان کےلئے وزٹ ویزا فیس میں بھی کمی متوقع
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان ارشد منیر نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ نے سعودی شہریوں کےلئے وزٹ ویزے کی فیس میں کمی کر دی ہے ۔ نئی ویزہ فیس عام شہریو ںکےلئے 60 ڈالر جبکہ تجارتی مقاصد سے جانے والوں کےلئے 90 ڈالر ہو گی ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پریس قونصل نے مزید کہا کہ پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے موصول اطلاع میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے والے سعودی شہریوں کےلئے ویزہ فیس کم کر دی جائے جس کی سفارش پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے کی گئی تھی ۔ ارسال تجاویز کی روشنی میں حکومت پاکستان نے اس معاملے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے فیس کم کی ۔ وزٹ ویزہ ایک ماہ کے لئے کارآمد ہوتا ہے جس میں مزید اضافہ کیاجاسکتا ہے ۔ واضح رہے اس سے قبل عام سعودی شہریوں کےلئے پاکستانی وزٹ ویزے کی فیس 3600 ریال جبکہ بزنس وزٹ ویزے کی فیس 5000 ہزار ریال تھی جسے کم کرکے اب عام شہریوں کےلئے 225 اور تجارتی مقاصد کے لئے جانے والوں کی فیس 337 ریال مقرر کر دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں توقع ہے کہ جلد ہی پاکستانی شہریوں کےلئے بھی سعودی عرب کے وزٹ ویزے کی فیس کم کردی جائے گی جو 2000 ریال ہے ۔ اس سے قبل سعودی عرب کی جانب سے ہندوستان ، مصر ، اردن اور دیگر ممالک کےلئے وزٹ ویزے کی فیس 305 ریال کی جا چکی ہے ۔ دریں اثناءسفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزے کی فیس دوطرفہ بنیا د پر طے کی جاتی ہے ۔ اس حوالے سے بعض باخبر ذرائع نے اردونیوز کو بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے مابین اس امر پرتبادلہ خیال کا سلسلہ جاری ہے امید ہے کہ جلد ہی اتفاق کر لیا جائیگا ۔ وزٹ ویزے کی فیس کم ہونے سے مملکت میں مقیم پاکستانیوں کو کافی سہولت ہو گی خاص کر وہ افراد جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم تھے اور فیملی فیسوں کی وجہ سے انہو ںنے اپنے اہل خانہ کو پاکستان بھجوا دیاہے فیس کم ہونے کے بعد وہ باسانی وزٹ ویزے پر اپنے اہل خانہ کو بلوا سکیں گے جس سے ان پر اضافی بار بھی نہیں پڑے گا ۔