ابو ظبی۔۔۔متحدہ عرب امارات کی اپیل کورٹ نے سوشل میڈیا پر معروف اماراتی خاتون کے خلاف عدالت کے حکم کی توثیق کرتے ہوئے اسے 82 ہزار ڈالر جرمانے کی ادائیگی کا حتمی حکم سنا دیا ۔ عکاظ اخبار نے اماراتی نیوز ایجنسی کے حوالے سے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر مشہور خاتون نے انسٹاگرام پر ایک اور معروف خاتون کے بارے میں غیر مناسب ریمارکس دیئے تھے جس پر مذکورہ خاتون نے عدالت میں ہتک عزت کا دعوی دائر کر دیا ۔ اماراتی عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد ملزمہ پر 3 لاکھ اماراتی درہم تقریبا82 ہزار امریکی ڈالر جرمانے اور ایک ماہ کےلئے خاتون کو سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر نے کا حکم صادر کیا تھا۔ عدالت کے حکم کے خلاف ملزمہ نے اپیل دائر کی تھی جس پر اپیل کورٹ نے سابق عدالت کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے اسے برقرار رکھنے کا حکم صادر کر دیا ۔