ریاض ۔۔ سعودی عرب کے معروف عالم اور القصیم میں دارالافتاء کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر خالد المصلح نے بتایا ہے کہ خواتین کو بازار جانے کے لئے محرم ضروری نہیں۔ محرم کے بغیر بھی بازار جایا جاسکتا ہے۔ وہ مذہبی استفسارات اور انکے جوابات کے خصوصی پروگرام ”یستفتونک“ میں ایک خاتون کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ خاتون نے دریافت کیا تھا کہ کیا وہ محر م کے بغیر بازار جاسکتی ہے او رکیا 8سالہ بچہ محرم ہوسکتا ہے؟ ڈاکٹر خالد نے جواب دیا کہ اپنے شہر اور قصبے کے بازار میں جانے کیلئے محرم کا ہونا ضروری نہیں۔ اصل مقصد خاتون کا محفوظ ہونا ہے اور اندرون شہر مارکیٹ آنے جانے میں اسے کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا لہذا محرم کی کوئی ضرورت نہیں۔