کویت:انجمن غلامان رسول کے تحت جلسہ سیرت النبیﷺ
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
پیغمبرِ اعظم و آخر کی شایانِ شان بین الاقوامی پندرہویں سالانہ عظیم الشان محفل حمد و نعت بسلسلہ عید میلاد النبی’’ انجمن غلامان رسول ‘‘ کے زیر اہتمام انعقاد کیا گیاجس کی صدارت تنظیم کے سرپرست اعلیٰ حاجی نجم اقبال اور صدر محمد خالد رشید چوہدری نے کی۔ محفل میں کویت کے طول و عرض سے پاکستانیوں کے علاوہ اردو جاننے والے انڈین اور بنگلہ دیشی عاشقانِ رسول نے سیکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جسکی سعادت ایوارڈ یافتہ نامور قاری محمد صہیب انجم نے اور حمد باری تعالیٰ محمد اعجاز سلطانی نے حاصل کی۔نظامت کے فرائض حافظ مبشر ریاض نے احسن طریقے سے سرانجام دیئے جبکہ محسنِ انسانیت کی شان میں ہدیہ عقیدت نعت عبدالعزیز عاصم، حافظ عبدالرئوف، غلام سرور نقشبندی اور مجاہد چشتی نے خوبصورت انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور خصوصی طور پر ہندوستان کے شہر اجمیر سے تشریف لائے ثناء خوان مصطفی شاعر اسلام اسد اقبال نے پر سوز آواز سے نعت پیش کرکے محفل میں سماع باندھ دیا اور حاضرین محفل سے خوب داد وصول کی۔میزبانِ محفل میاں محمد فاروق، حاجی محمد مالک، سرفراز خان، خلیل الرحمان اور میاں ساجد حسین محفل میں آنے والے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔ سیرت النبی کے حوالہ سے خطاب کی سعادت علامہ قاری خلیل احمد رضوی نے حاصل کی۔محفل میں شریک افراد کو بذریعہ قرعہ اندازی 14 خوش نصیبوں کو عمرہ کے پیکیج دئیے گئے اور آخر میں’’ انجمن غلامان رسول‘‘کے سرپرست اعلیٰ حاجی نجم اقبال نے تمام معزز مہمانوں، جن میں کویت میں مقیم دینی، سماجی، سیاسی، ثقافتی تنظیموں کے صدور اور نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور درود و سلام کے بعد دعا کے ساتھ محفل اختتام پذیر ہوئی۔