ریاض ۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو ریاض میںسعودی قومی ثقافت کے نمائندہ جنادریہ میلہ 33کا افتتاح کردیا۔ اس کا اہتمام وزارت نیشنل گارڈز نے کیا ہے۔اس موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح ، شاہ بحرین کے نجی نمائندے شیخ عبداللہ بن حمد آل خلیفہ ، امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان قابوس کے مشیر شہاب بن طارق آل سعید بھی موجود تھے۔جنادریہ میلے پہنچنے پر شاہ سلمان کا شاندار استقبال کیا گیا۔میلے کا آغاز اونٹوں کی سالانہ لمبی دوڑ سے ہوا۔ اختتام پر شاہ سلمان نے دوڑ میں اول آنے والے 5اونٹ سواروں کو انعاما ت عطا کئے۔ پہلی پوزیشن مذکر بن مسفر القرشی کے اونٹ ھداج، دوسری پوزیشن جابر بن راشد المری کے عجلان، تیسری پوزیشن صفر بن عقاب الشریف کے مبدع، چوتھی پوزیشن سامر بن راشد المری کے فلاح اور پانچویں پوزیشن خالد بن عزیز القرشی کے الظافر نے حاصل کی۔اعزازات کے بعد شاہ سلمان اور مہمانوں نے مغرب کی نماز ادا کی۔ پھر حاضرین عشائیہ میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر تقاریر بھی کی گئیں اور اختتام پر تلواروں کا رقص پیش کیا گیا۔ جس میںشاہ سلمان بھی شریک ہوئے۔