مسلم ممالک کے صحافیوں کو دورہ پر مملکت بلایا جائے گا، سعودی وزیراطلاعات
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
ریاض۔۔۔ سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں مسلم ممالک کے صحافیوں کو سعودی عرب کے دورے کرائے جائیں گے اور برادر ممالک کے ساتھ مضبوط تاریخی تعلقات خصوصاً ابلاغی ، ثقافتی اور تمدنی رشتے مستحکم کئے جائیں گے۔ وہ جمعرات کو جنادریہ میلے 33میں شرکت کیلئے آئے ہوئے متعدد مسلم ممالک خصوصاً انڈونیشیا کے صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہو ں نے صحافیوں کو ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی رواداری و میانہ روی کے فروغ اور انتہا پسندی و دہشت گردی کی بیخ کنی کی بابت اسلام کی حقیقی تصویر اجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار بے حد اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں مسلم ممالک کے ساتھ ابلاغی تعاون بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی صحافی بھی برادر ممالک کے دورے کریں گے۔ ڈاکٹر عواد نے کہا کہ جنادریہ میلہ مملکت کے تمام ثقافتی ، فکری اور سماجی پہلوﺅں سے متعارف ہونے کا اچھا موقع ہے۔ انڈونیشیا کو امسال اعزازی مہمان کا درجہ دیا گیا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب کی قیادت راشدہ تمام شعبوں میں انڈونیشیا کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ ملاقات کیلئے آئے ہوئے مہمان صحافیوں نے کہا کہ ظالمانہ تشہیری مہم پر وہ سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب ،امن و سلامتی و استحکام کی علمبردار ریاست ہے۔ یہ مشرق وسطیٰ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں قیام امن ، اعتدال، میانہ روی و رواداری کی اقدار کو راسخ کرنے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کی مخالفت کرنے کی پالیسی پر گامزن تھی اور ہے۔ صحافیوں کے وفد میں پاکستان ، انڈونیشیا ، ہندوستان، ملائیشیا او ر افغانستان میں ذرائع ابلاغ کے عہدیدار اور صحافی شامل تھے۔ یہ سب وزارت اطلاعات کی دعوت پر جنادریہ میلے او رریاض عرب میڈیا دارالحکومت کی تقریبات میں شرکت کیلئے پہنچے ہوئے ہیں۔