کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت کی 7 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں اہم شخصیات آج بینکنگ کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیس سے سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوئیں جہاں انہیں ضمانت میں توسیع مل گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر عدالت کے باہر ارکان پارلیمان، سندھ اسمبلی کے ارکان اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو اپنے رہنماؤں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ دوسری جانب پولیس نے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کررکھے تھے۔