کراچی: قومی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے گزشتہ روز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کسی نے نہیں دیکھی، ہمیں نہیں معلوم کہ رپورٹ کے اندر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً جے آئی ٹی رپورٹ لیک کی جاتی رہی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حالات ہمارے لیے نئے نہیں، ہم اپنی ریاست اور جمہوریت کے لیے خیر کے طلب گار ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے عدلیہ کا اچھا اوربرا وقت دیکھنے کے علاوہ عدلیہ کے اچھے اور برے فیصلے بھی دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس منیرسے لے کر جسٹس ثاقب نثارتک تمام ججزکودیکھا ہے اور جسٹس افتخار چودھری کو بھی دیکھا جنہوں نے وردی میں ڈکٹیٹرکو آئین میں ترمیم کی اجازت دی تھی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم ذہنی طور پر کسی بھی طرح کی صورت حال کے لیے تیار ہیں۔ ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے جبکہ پیمرا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔ عدالتی پابندی کے باوجود زیر التوا کیسز پر تبصرہ ہوتا ہے ، میڈیا ٹرائل لوگوں کی ذہن سازی کرتا ہے۔ میڈیا ٹرائل ہماری بڑی بدقسمتی ہے ، جوڈیشل ٹرائل سے پہلے میڈیا ٹرائل شروع کردیا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی ثابت ہوا کہ ایسی چیزیں گھڑی جاتی رہیں، اگران کے پاس کوئی ثبوت ہے تو لے آئیں ماضی میں بھی ایسے الزامات لگے ہیں۔