ریاض۔۔۔امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے انکشاف کیا ہے کہ بہت جلد افغانستان میں امن بحال ہو جائیگا ۔ تخریب کار طاقت کی مرضی کے برخلاف افغانستان امن و امان کا گہوارہ بنے گا ۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ میں تحریر کیا کہ ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان افغانستان میں امن و استحکام کی بحالی اور اسے حالت جنگ سے تعمیر و ترقی کی منزل میں داخل کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں ۔ دہشتگردی کی فنڈنگ کر کے تخریب کاری اور خطے میں کشمکشوں کی آگ بھڑکانے والی ریاست کی تمام تر تباہ کاریوں کے باوجود افغانستان میں آئندہ سال امن و امان کی مساعی کے خوشگوار اثرات نظر آنے لگیں گے ۔ سعودی عرب اور امارات افغان مذاکرات کو کامیاب سے ہمکنار کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ حالیہ ایام میں اس حوالے سے افغان فریقوں کو جمع کرنے کی کوشش کارگر ثابت ہوئی ۔