سعود ی عرب سے شائع ہونے والے اخبار’’ البلاد‘‘ کا اداریہ نذر قارئین ہے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے جی سی سی ممالک اور امسال اعزازی مہمان انڈونیشیا نیز سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیداروں ، دنیا بھر کے دانشور وں ، ادیبوں اور موثر شخصیتوں کے جلو میں جنادریہ میلے 33کا افتتاح کیا ۔ مملکت کے تمام علاقوں کے باشندے اس میلے میں مسلسل دلچسپی لے رہے ہیں ۔ ان کی دلچسپی میں سال بہ سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اب جناردیہ میلا سعودی عوام کیلئے قومی پروگرام کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔ یہاں مملکت کے تمام علاقوں کے لوگ یکجا ہو جاتے ہیں ۔ یہ میلہ سعودیوں کے ثقافتی اور مادی ورثے کے تنوع کی آماجگاہ بن جاتا ہے ۔ یہاں اونٹوں کی سالانہ دوڑ اپنا ایک رنگ اور اپنی ایک پہچان بنا چکی ہے ۔
جنادریہ میلے کی سرپرستی ظاہر کرتی ہے کہ سعودی قیادت عربوں کی تاریخی اقتدار روایات ، ثقافت اور آبائو اجداد کے ورثے کو فخر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اسے قائم رکھنا چاہتی ہے ۔ سعودی عرب کی نئی نسل کو عظیم الشان تاریخی ورثے سے جوڑنے کا اہتمام کر رہی ہے ۔ جنادریہ میلہ ایک طرح سے سعودی معاشرے کی طرف سے پورے جہاں کے نام انسانی تمدن میں اپنی حصے داری کے ٹھوس ثبوت پیش کرنے کا ذریعہ بھی بن گیا ہے ۔ قائد اعلیٰ شاہ سلمان قومی ورثے میں جدت طرازی پر منتخب شخصیتوں کو جنادریہ میلے میں شاہ عبدالعزیز کا تمغہ بھی عطا کرتے ہیں ۔ یہ ان کی طرف سے فکری اور ثقافتی تخلیق کیلئے قدرو منزلت کا عملی اظہار ہے ۔